اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف جمعہ کو وطن واپس آئے تو اڈیالہ جیل کے دوسری مرتبہ مہمان بنیں گے۔ وہ طیارہ سازش کیس میں سزا کے بعد 1999 میں اڈیالہ جیل کی یاترا کر چکے ہیں۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل 2 وزرائے اعظم سمیت کئی اہم سیاست دانوں کا عارضی مسکن بن چکی ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر اس جیل کے تازہ ترین مہمان بنے۔ نواز شریف اور مریم نواز کی بھی جمعہ کو آمد کا امکان ہے۔ اڈیالہ جیل ضیاءالحق دور میں 1986 میں مکمل ہوئی۔ نوازشریف پہلے اہم سیاست دان تھے جو طیارہ سازش کیس میں سزا کے بعد کچھ دیر یہاں قید رہے۔ جمعہ کو وطن واپسی پر انہیں اڈیالہ میں رکھا گیا تو یہ ان کا اس جیل کی یاترا کا دوسرا موقع ہوگا جبکہ مریم نواز زندگی میں پہلی بار جیل کا منہ دیکھیں گی۔
اس سے قبل نہال ہاشمی رواں سال توہین عدالت پر یہاں ایک ماہ قید کی سزا کاٹ چکے ہیں۔ زرداری دور میں وزیراعظم بننے والے یوسف رضا گیلانی ستمبر 2004 سے 2006 تک اڈیالہ جیل کے مکین بنے۔ سعد رفیق بھی مشرف دور میں کچھ دیر یہاں رہے۔ نوازشریف کی جلاوطنی کے دوران جاوید ہاشمی جولائی 2006 سے 2007 تک اڈیالہ جیل کےمہمان تھے۔
پیپلزپارٹی کے وزیر حامد سعید کاظمی سیاستدانوں میں سب سے طویل مدت کیلئے مئی 2012 سے مارچ 2017 تک اس جیل میں قید رہے۔