لاہور: (دنیا نیوز) نیب نےسابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر گرفتاری کی حکمت عملی اور تیاریاں مکمل کر لیں۔ پولیس، سول ایوی ایشن اور جج نیب عدالت کو خطوط لکھ کر تعاون حاصل کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری کیلئے نیب نے پلان تشکیل دے دیا ہے۔ لاہور ایئرپورٹ پر 22 نیب افسران اور 100 ایلیٹ کمانڈوز تعینات ہوں گے۔ مجرمان کی اسلام آباد منتقلی کیلئے ہیلی کاپٹر کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ جج احتساب عدالت کو 13 جولائی بروز جمعہ اڈیالہ جیل پہنچنے کیلئے خط ارسال کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے سی سی پی او لاہور کو بھی ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے نوازشریف اور مریم نواز کی لاہور ائیرپورٹ آمد پر جہاز تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ نیب نے سول ایوی ایشن کو خط میں لکھا تھا کہ احتساب عدالت سے سزا یافتہ 2 مجرم پاکستان آرہے ہیں، وہ فیصلے کے وقت عدالت سے مفرور رہے۔ دونوں کے باقاعدہ وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں، طیارے میں ہی گرفتاری کی اجازت دی جائے۔
دوسری طرف رہنماء مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے 13 جولائی کا معرکہ الیکشن سے بڑا قرار دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پوری قوم نوازشریف کے استقبال کیلئے باہر نکلے گی اور 25 جولائی کو ملک بھر میں شیر دھاڑے گا۔