لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 70 سال سے جاری لڑائی اب اپنے اختتام تک پہنچنے کے قریب ہے، ہمارے ارادے متزلزل نہیں ہونگے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ مخالفین نے دباؤ کے تمام حربے استعمال کر لیے، نواز شریف کو عوام سے دور رکھنا ایک سطحی سوچ ہے، مخالفین جو حاصل کرنا چاہتے ہیں، نتائج اس کے برعکس آ رہے ہیں کیونکہ عوام کو پتہ ہے کہ اصل حقیقت کیا ہے
مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ ستر برس سے جو لڑائی جاری تھی، اب اس کے اختتام کا وقت آ گیا ہے۔ اب یہ 70ء اور 80ء کی دہائی کا ماحول نہیں ہے جس میں سب کو اپنی مرضی سے چلایا جاتا تھا، جتنی زیادہ وضاحتیں آئیں گی، لوگ اتنے زیادہ ایکسپوز ہو جائیں گے، گرفتاری جیسے ہتھکنڈوں سے نون لیگ کے ارادے متزلزل نہیں ہوں گے، سازش کے منصوبہ سازوں کو پتہ ہے کہ نواز شریف کو سب سے بڑی عوامی حمایت حاصل ہے، وہ عوامی طاقت سے وقت کا رخ موڑ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری واپسی کے بارے میں اللہ بہتر جانتا ہے، ہم بھاگنے کے لئے نہیں بلکہ پاکستان گرفتاری دینے جا رہے ہیں۔ ہم ایئرپورٹ سے باہر جائیں گے اور کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔