لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف ہر چال ناکام ہو رہی ہے، ڈپریشن کی حد نظر آ رہی ہے، لگتا ہے کسی کے اعصاب جواب دے رہے ہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ ہم اپنے کارکنوں کو پیغامات پہنچ چکے ہیں، کارکن لیڈر سے زیادہ پرجوش ہیں، ظلم کے خلاف اٹھنے والی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا، لگتا ہے کسی کے اعصاب جواب دے رہے ہیں۔ اگر دباؤ برداشت نہیں کر سکتے تو پہلے فیصلہ دیتے وقت سوچنا چاہیے تھا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ کل کا واقعہ بتا رہا ہے کہ کچھ لوگوں کی تربیت میں کمی رہ گئی ہے، جو اشتہاری زبان عمران خان استعمال کر رہے ہیں اور ایون فیلڈ پر حملہ، یہ سب ایک ہی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کیخلاف اپیل کیلئے قانونی مشاورت کی جا رہی ہے۔