اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، سیکریٹری داخلہ نے دونوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی۔
یاد رہے احتساب عدالت کے ایون فیلڈ ریفرنس میں فیصلے کے بعد نیب نے وزارت داخلہ کو نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔ تاہم وزارت داخلہ نے پہلے مرحلے میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام بلیک لسٹ میں شامل کیا تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:نواز شریف کو 10، مریم کو 7 سال قید کی سزا
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کو 10 سال قید، ایک ارب 29 کروڑ روپے جرمانہ، مریم نواز کو 7 سال قید، 32 کروڑ روپے جرمانہ، شریف فیملی کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس بحقِ سرکار ضبط کرنے کا حکم اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔
عدالتی حکم میں جھوٹی دستاویزات جمع کرانے پر مریم نواز کو مزید ایک سال قید کی سزا بھی دی گئی۔ عدالت نے کیس کے شریک ملزموں حسین اور حسن نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔ عدالتی آرڈر میں کہا گیا ہے کہ تمام مجرمان کو اپیل میں جانے سے پہلے سرنڈر کرنا ہو گا۔ احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر الیکشن لڑنے کے لئے بھی نااہل ہو گئے۔