لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان سابق وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف نیب کا فیصلہ انصاف کا قتل ہے، ن لیگ اس کو مسترد کرتی ہے، حالات کو جانتے ہوئے بھی نواز شریف اور مریم واپس آ رہے ہیں، قوم پچیس جولائی کو شیر پر مہر لگائے گی، جسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی جانب سے جو سزا ہوئی، اسے سول سوسائٹی اور تمام مکاتبِ فکر نے نامنظور کہا ہے۔ نواز شریف کے خلاف فیصلے کو ایک روز پانچ سے چھ بار موخر کیا گیا، فیصلےکی تیاری مکمل نہیں تھی لیکن ن لیگ اس کو مسترد کرتی ہے، جتنے جلسے شہباز شریف نے کئے، ایک ہی نعرہ لگایا گیا کہ فیصلہ نامنظور ہے، یہ فیصلہ ان فیصلوں کا تسلسل ہے جو جمہوریت کے خلاف آتے رہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کوئی کرپشن ثابت نہیں، قبر کا ٹرائل ہو رہا ہے، تصورات کی بنیاد پر مریم کو سات سال کی سزا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جمہوریت کی بالادستی کے لئے واپس آ رہےہیں جس طرح ایٹمی پاکستان کوئی اور نہیں بنا سکتا تھا، اسی طرح جمہوری طاقت والا پاکستان بھی نواز شریف ہی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی طرح کیپیٹل کو لاک ڈاؤن اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے کی کال نہیں دیتے، ہم نے ووٹ کو عزت دو کان عرہ لگایا ہے۔ نواز شریف کے واپس آنے پر مخالفین گھر جانے کی تیاری کریں، ان کی وطن واپسی پر پرامن تاریخی استقبال، قانون ہاتھ میں نہیں لیا جائے گا۔