احتساب عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد کیپٹن صفدر روپوش

Last Updated On 07 July,2018 08:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب کی ٹیم ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ کیپٹن (ر) محمد صفدر کو گرفتار کرنے میں ناکام، احتساب عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد کیپٹن صفدر نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد کیپٹن (ر) صفدر نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے ہیں۔ احتساب عدالت کے فیصلہ کے وقت کیپٹن صفدر اوگی میں انتخابی مہم پر تھے اور وہ وہاں سے ہی نامعلوم مقام پر منتقل ہو ئے۔ مانسہرہ شہر میں کیپٹن (ر) محمد صفدر کے دفتر کو تالا لگا ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت کے فیصلہ کے بعد کیپٹن صفدر اپنے گھر نہیں پہنچے۔

واضح رہے کہ نیب کی ٹیم نے احتساب عدالت کی جانب سے جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری پر قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی گرفتار کے لیے مانسہرہ میں چھاپہ مارا لیکن کیپٹن صفدر کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔