نیب " /> " />

کیپٹن (ر) صفدر روپوش، بیرون ملک فرار کا خدشہ

Last Updated On 07 July,2018 12:29 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا ) ایون فیلڈ کیس کے مجرم اور احتساب عدالت اسلام آباد سے سزا یافتہ کیپٹن (ر) صفدر روپوش ہو گئے ، خدشہ ہے کہ وہ بیرون ملک فرار ہو جائیں گے۔ نیب نے وزارت داخلہ کو کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کی ہے۔

نیب ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کیپٹن (ر)محمد صفدر ملک سے فرار ہوسکتے ہیں لہذا وزارت داخلہ فوری طورپر انکا نام ای سی ایل میں شامل کرے، نیب نے پہلے دو خطوط لکھے مگر عمل نہیں ہوا۔ نیب کی جانب سے 14 فروری کو ای سی ایل میں نام ڈالنے کے لئے خط لکھا گیا اس کے بعد 11 جون کو ایک اور خط نیب کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھا گیا جس میں درخواست کی گئی تھی کہ نواز شریف، مریم نواز، محمد صفدر، حسن نواز اور حسین نواز کے نام ای سی ایل کی فہرست میں فوری شامل کئے جائیں اور اس خط میں بتایا گیا تھا کہ ان کے خلاف تحقیقات ہورہی ہیں جس کا جلد فیصلہ متوقع ہے لیکن داخلہ ذرائع کے مطابق تاحال ان افراد کے نام ای سی ایل کی فہرست میں شامل نہیں کئے گئے۔ نیب نے نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر وزارت داخلہ کو یاددہانی کا خط لکھ دیا۔ خط میں نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی استدعا کی گئی ہے۔

ادھر نیب لاہور کی ٹیم عمران ڈوگر کی قیادت میں احتساب عدالت سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے کے لئے اسلام آباد پہنچ گئی، پولیس کی ایک خصوصی ٹیم کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرنے کیلئے مانسہرہ روانہ ہو گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو نے ایوان فیلڈ ریفرنس سے متعلق احتساب عدالت اسلام آباد کے فیصلے کی مصدقہ کاپی حاصل کر لی ہے۔ ادھر کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری کے لئے احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عدالتی فیصلے پر اس کی صحیح روح کے مطابق عملدرآمد ممکن بنایا جاسکے ۔باوثوق ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں احتساب عدالت اسلام آباد سے نیب کی جانب سے کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی جائے گی، ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا کہ احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد کیپٹن(ر) صفدر بھی مبینہ طور پر بیرون ملک روانگی کی تیاری کر رہے ہیں اور وہ سوموار سے پہلے کسی بھی وقت بیرون ملک روانہ ہوسکتے ہیں لہذا ان کی گرفتاری کے وارنٹ کے حصول کے لئے نیب نے احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔