ایون فیلڈ فیصلے پر نوازشریف الیکشن بائیکاٹ کی غلطی نہیں کرینگے: شاہ محمود

Last Updated On 06 July,2018 03:24 pm

ملتان: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے وائس چیرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر آج کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن الیکشن کا بائیکاٹ کرتی ہے تو شوق سے کریں ن لیگ ایسا فیصلہ کرکے جمہوریت کشی کرے گی، نوازشریف الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کی غلطی نہیں کریں گے۔

ملتان کے علاقے شیر شاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ ن اس وقت دو دھڑوں میں تقسیم ہو جکی ہے، نوازشریف کا بیاینہ اور ہے اور شہباز شریف کا بیاینہ اور ہے۔ نوازشریف سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کر چکے ہیں اور خود شہبازشریف کو پارٹی کی صدارت سونپی ہے، اس لئے نواز شریف الیکشن کے بائیکاٹ کی غلطی نہیں کریں گے یہ گیڈڑ بھکیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی دکھائی ہی نہیں دے رہی، پنجاب کے 141 حلقوں میں سے 104 حلقوں میں تیر نہیں چلے گا، مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کو پنجاب آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ بلاول محترمہ بینظیر بھٹو کا بیٹا ہے، میں نے محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ کام کیا ہے اور ان سے اچھی رفاقت رہی ہے۔ بلاول بھٹو کو آصف زردای سے پیچھا چھڑانا چاہیے جب تک وہ سیاست میں آصف زرداری کے زیر سایہ رہیں گے کوئی سیاسی فیصلہ نہیں کر سکیں گے۔

مخدوم شاہ محمود نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے جنوبی پنجاب کا جو حال کیا ہے اس پر انہیں ووٹ نہیں پڑنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے مخدوم جاوید ہاشمی کو ٹکٹ نہ دے کر غلطی کی ہے۔ جاوہد ہاشمی منجھے ہوئے سیاست دان ہیں ہم نے اکھٹے کام بھی کیا ہے اور سیاسی مخالف بھی رہےہیں۔ مخدوم جاوید ہاشمی کا سیاست میں ایک بڑا نام ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس اپنا اکنامک پلان ہے، ہمیں ملکی خزانے سے ذاتی تجوریاں بھرنے والوں سے لوٹا ہوا مال واپس لینا ہو گا اور جس نے بھی قرضے معاف کرائے ہیں وہ بھی واپس لے کر اپنی اکانومی کو مضبوط بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں جو بھی کرپٹ ہو گا اسے ہم فارغ کر دینگے، انہوں نے کہا کہ سندھ میں ابھی تحریک انصاف کو مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ایک سوال پر مخدوم شاہ محمود نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سے اتحاد نہیں کریں گے بلکہ عوام کے فیصلے کو قبول کریں گے، انہوں نے کہا کہ نگران حکومت سے توقع ہے کہ وہ صاف شفاف اور غیر جانبدرانہ الیکشن کرائے گی۔