اسلام آباد ہائیکورٹ کا زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم

Last Updated On 06 July,2018 07:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کو ریلیف مل گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے زلفی بخاری پر سفری پابندیاں ختم کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

 جسٹس عامر فاروق نے زلفی بخاری اور شہری کی دو الگ الگ درخواستوں پر محفوظ فیصلہ ایک ساتھ سنایا۔ زلفی بخاری نے وزارت داخلہ کی جانب سے نام بلیک لسٹ میں ڈالنے کو چیلنج کیا تھا ، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے ان کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے اور سفری پابندیاں ختم کرنے کا حکم جاری کیا۔

دوسری درخواستوں میں ایک فون کال پر زلفی بخاری کو عمرے پر جانے کی اجازت دینے اور نورخان ایئربیس کے سویلین استعمال کی تحقیقات کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے دونوں درخواستیں مسترد کر دیں۔

یاد رہے نیب نے زلفی بخاری کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی استدعا کی تھی، مگر وزارت داخلہ نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بجائے بلیک لسٹ میں ڈال دیا، زلفی بخاری نے بلیک لسٹ میں نام ڈالنے کو چیلنج کر رکھا تھا۔