اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے آئی ٹی شعبے کیلئے ڈیجیٹل پالیسی کا اعلان کر دیا۔ عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا سب سے بڑا چیلنج نوکریوں کا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوا لاکھ نوجوان آئی ٹی انڈسٹری میں کام کر رہے ہیں، ملکی تعلیمی نظام عالمی معیار پر پورا نہیں اترتا، اگلے 5 سال میں 10 لاکھ نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے، ہمیں سکول کی سطح پر بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ماہانہ خسارہ 2 ارب ڈالرتک ہے، مگر نگران حکومت بیل آؤٹ پیکج کی تلاش میں لگی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا حکومت میں آئے تو نوجوانوں کیلئے روزگار پیدا کریں گے، ن لیگ کی حکومت سے پہلے سالانہ خسارہ 2 ارب ڈالر تھا، معاشی بحران سے بچنے کا واحد حل برآمدات بڑھانا ہے، کرپشن کا پیسہ عوام کی جیبوں سے نکلتا ہے۔