کالاباغ: ( روزنامہ دنیا) سابق ایم این اے عائلہ ملک، نواب آف کالاباغ ملک وحید خان اور نوابزادہ ملک امیر محمد خان نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
بوہڑ بنگلہ کالاباغ میں ایک پر ہجوم مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارے خاندان کی بے لوث قربانیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت نے غیر مقبول فیصلے کئے ہیں جس سے کارکنوں میں مایوسی اور بددلی پھیلی، چیئرمین عمران خان نے حقائق کا علم ہونے کے باوجود اصلاح احوال پر توجہ دینے کے بجائے معاملات غیر سنجیدہ عناصر کے سپرد کئے رکھے۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے مزید کہا کہ ہم اب مزید اس جماعت کا حصہ نہیں رہ سکتے ، ہم تحریک انصاف سے اپنی راہیں جدا کر رہے ہیں، آنے والے دنوں میں اپنے سیاسی فیصلے کرنے اور اپنی سیاست کا رخ متعین کرنے میں آزاد ہوں گے ، ہمارے لئے تمام آپشن کھلے ہیں، جو بھی فیصلہ کریں گے اپنے حلقے کے لوگوں کی مشاورت سے کریں گے، ہمیں اپنے ساتھیوں پر اعتماد اور فخر ہے، اب نواب ملک وحید خان اور نواب زادہ ملک امیر محمد خان آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں گے، ملک وحید خان این اے 95 سے عمران خان اور پی پی 85 سے دیگر امیدواروں جبکہ نوابزادہ ملک امیر محمد خان پی پی 86 سے الیکشن لڑیں گے۔