اسلام آباد: (دنیا نیوز) اہم حلقوں کے ٹکٹوں کا فیصلہ کرنے کے بعد تحریکِ انصاف نے توجہ انتخابی مہم کی تیاریوں پر مرکوز کر دی ہے۔ عمران خان عیدالفطر کے بعد ملک بھر میں بڑے جلسوں سے خطاب کریں گے۔
عمران خان عیدالفطر کے بعد پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں انتخابی مہم کے پروگرام کو حتمی شکل دیں گے کہ کس شہر میں کب جلسہ کرنا ہے؟ ذرائع کے مطابق عمران خان اپنے پانچ انتخابی حلقوں کے علاوہ بڑے شہروں میں روزانہ تین سے چار بڑے جلسوں سے خطاب کریں گے۔
تحریکِ انصاف لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، شیخوپورہ اور قصور میں بڑے جلسے کرے گی۔ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سوگودھا، بھکر اور میانوالی میں بھی بڑے جلسے بوں گے۔
پشاور، بنوں، مردان، سوات، ایبٹ آباد اور نوشہرہ سمیت خیبر پختونخوا کے کئی شہروں میں بھی جلسے ہوں گے۔ کراچی، حیدر آباد اور بدین کے ساتھ ساتھ کوئٹہ میں بھی جلسوں کا پلان شیڈول میں شامل ہے۔
عمران خان وفاقی دارالحکومت میں بھی بڑے جلسے سے خطاب کریں گے۔ تحریکِ انصاف کا آخری انتخابی پنڈال اسلام آباد یا کراچی میں سجانے کا حتمی فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔