متحدہ کے 2 دھڑے پھر اکھٹے ہوگئے، 5 مئی کو مشترکہ جلسے کا اعلان

Last Updated On 03 May,2018 12:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ کے دو دھڑے پھر ایک ساتھ کھڑے ہوگئے، 5 مئی کو ایک ساتھ جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

فاروق ستار کارکنوں کے ہمراہ بہادر آباد پہنچے تو فیصل سبزواری اور دیگر رہنماؤں نے استقبال کیا۔ ملاقات کے بعد فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے بات کی۔

فاروق ستار نے پیپلزپارٹی کو خوب تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہمیں ملانے کا کریڈٹ لینے والے یہ سن لیں، ان کی حکومتوں میں مہاجر ان کی نفرت کی وجہ سے متحد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا مہاجروں کی یک جہتی اور اتحاد کے خلاف سازش ناکام بنائیں گے، 5 مئی کو ٹنکی گراؤنڈ میں مل کر ایک جلسہ کرینگے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا جلسہ مہاجر قوم کے جذبات ظاہر کرنے کیلئے ہوگا۔

پریس کانفرنس کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار نے عامر خان کو گلے لگایا، کارکنوں کے ہجوم کے باعث عامرخان نے کامران ٹسوری کو دور سے ہاتھ ہلا کر سلام کیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے بھرپور نعرے بازی بھی کی۔