فاٹا: (دنیا نیوز) فاٹا کے سیاسی محاذ پر آصف علی زرداری کی انٹری، بڑی وکٹ اڑا دی، رکن قومی اسمبلی نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
سیاسی محاذ پر آصف زرداری سرگرم، پیپلز پارٹی کی جانب سے سیاسی مخالفین کی وکٹیں گرانے میں تیز ی آگئی۔ آصف علی زرداری نے فاٹا سے قومی اسمبلی کی وکٹ گرا دی۔ فاٹا سے منتخب رکن قومی اسمبلی ساجد طوری پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔ ساجد حسین طوری نے لاہور میں آصف زرداری سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مسلم لیگ ن فاٹا کے سیکرٹری جنرل سہیل آفریدی بھی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔
اس موقع پر ساجد طوری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے فاٹا کےعوام کے مسائل حل کیے۔ پیپلزپارٹی بہت بڑی جماعت ہے، اس کےعلاوہ کوئی عوام سے مخلص نہیں۔ فاٹا میں ترقی اور امن صرف پیپلزپارٹی کے دور میں آیا۔ واضح رہے کہ ساجد حسین طوری فاٹا سے دو بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔