کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) میں بحیثیت قائد اختیارات کو چیلنج کر دیا گیا۔ نواز شریف کو پارٹی کے اختیارات استعمال کرنے سے روکنے سے متعلق درخواست دائر کر دی گئی۔
پاکستان قومی موومنٹ کے چیئرمین اقبال کاظمی نے نواز شریف کی بحیثیت قائد اختیارات کو استعمال کرنے کے عمل کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو نااہل قرار دے کر پارٹی قائد کے عہدے سے بھی برطرف کیا، مگر اس کے باوجود وہ مسلسل اپنے ختیارات کا استعمال کر رہے ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق بحیثیت قائد پارٹی چلانا آئین اور قانون کیخلاف ہے۔ نواز شریف اپنے اختیارات پارٹی میں استعمال کر کے عدالت کی توہین کر رہے ہیں، لہذا ان کو اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے۔ درخواست میں وفاقی حکومت، اٹارنی جنرل اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔