کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے صوبے کے تمام نجی اسکولزکو گرمیوں کی تعطیلات کی فیس وصول کرنے سے روک دیا ہے۔
فاضل عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ نجی اسکول کے مالکان گرمیوں کی تعطیلات میں اساتذہ اور دیگر عملے کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائیں، فاضل عدالت نے صوبائی حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ 90 روز کے اندر نجی اسکولوں کے بارے میں 2005 ء کے قواعد میں مناسب ترمیم کرے۔
عدالت کے اس حکم کااطلاق صوبے کے تمام نجی اسکولوں پر ہو گا۔ عدالت نے اپنے حکم نامے میں واضح کیا کہ اسکول کی فیس بڑھانے سے متعلق والدین کو نہ صرف یہ کہ نوٹس دیاجائے بلکہ ان وجوہ سے بھی آگاہ کیا جائے جن کی بنا پر مالکان فیس میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔
پیر کو جسٹس منیب اختر اور جسٹس ارشد حسین خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے نجی اسکولز کی جانب سے گرمیوں کی تعطیلات کی فیس وصول کرنے کے خلاف ایک درجن سے زائد دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے درخواستیں نمٹا دیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ بار کی سابق صدر اور وکلاء کی رہنما عاصمہ جہانگیر کی بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ کی خدمات کو سندھ ہائی کورٹ سمیت پورے پاکستان میں یاد رکھا جائے گا۔