اسلام آباد: (دنیا نیوز) نومنتخب وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے حکومت کا چھٹا بجٹ پیش کیا گیا۔ 5500 ارب روپے کے ٹیکس فری میزانیہ میں تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ جبکہ کم سے کم پنشن 6 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار مقرر کر دی گئی ہے۔
وفاقی بجٹ 19-2018ء میں ہائی برڈ گاڑیاں، ایل ای ڈیز، زرعی مشینری، کھاد، لیپ ٹاپ، استعمال شدہ جوتے اور کپڑے سستے، پانچ ارب سے زرعی سپورٹ فنڈ قائم، سگریٹ پھر مہنگے، فلمی صنعت کی ترقی کیلئے خصوصی فنڈ بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
بجٹ میں سالانہ 12 لاکھ روپے کمانے والے کو ٹیکس چھوٹ دینے کی تجویز، 24 لاکھ سے کم آمدن والے پر 5 فیصد ٹیکس، خام مال سمیت دیگر 200 درآمدی اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کر دی گئی۔
وفاقی بجٹ 19-2018ء کا مکمل متن یہاں پڑھیں
آئندہ مالی سال کیلئے اقتصادی ترقی کا ہدف 6.2 فیصد مقرر، دفاع پر گیارہ سو ارب خرچ کرنے کی تجویز، عوامی فلاح کے منصوبوں کیلئے ایک ہزار ارب مختص، سود اور قرضوں کی ادائیگی پر 1550 ارب روپے رکھ دیئے گئے۔
تعلیم پر 46 ارب اور صحت پر 25 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ وفاق 930 ارب اور نجی شعبہ 100 ارب ترقیاتی کاموں پر لگائے گا، ریلوے کی بہتری کیلئے 39 ارب مختص کر دیے گئے۔