لاہور: (ویب ڈیسک) خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مجھے عدالتِ عظمیٰ سے انصاف کی پوری توقع ہے لیکن اگر فیصلہ برقرار رہتا ہے تو سیالکوٹ سے انتخابات میں نواز شریف کا کوئی دوسرا کارکن میدان میں اترے گا۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل کا حق رکھتا ہوں، میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرونگا۔ میں نے کوئی چیز نہیں چھپائی اپنے تمام اثاثے ظاہر کر چکا ہوں اور مکمل ٹیکس بھی دیا ہے۔ میں نے جو خدمت کی وہ عوام کے سامنے ہے۔ عدالتِ عظمیٰ سے انصاف کی توقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ کا نیویارک میں اکاؤنٹ ہے جو ظاہر کیا گیا ہے اس کے علاوہ 1983ء سے دبئی میں میرا اکاؤٹ ہے جسے میں ظاہر کر چکا ہوں جبکہ اپنی گلوبل انکم پر بھی ٹیکس دیتا ہوں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جاؤں گا لیکن اگر میری نااہلی برقرار رہتی ہے تو سیالکوٹ سے نواز شریف کا کوئی اور کارکن الیکشن لڑے گا۔
خواجہ آصف کا عدالتی فیصلے پر کہنا تھا کہ میری وکٹ ووٹوں سے نہیں گرائی گئی، جس طرح وکٹ گری، کمنٹ نہیں کرنا چاہتا، ووٹ نواز شریف کا ہے جو بھی کھڑا ہو گا ووٹ ملے گا، میرا بیٹا اگر الیکشن لڑنا چاہے گا تو میرے لیے اس سے بہتر اور کیا ہو گا؟