میرے اثاثوں کی جانچ پڑتال، شکایت کنندہ کا نام بتایا جائے: سعد رفیق

Last Updated On 20 April,2018 06:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ شکایت کنندہ کون لوگ ہیں جن کے نام اور پتہ کا معلوم نہیں، میرے اثاثوں کی جانچ پڑتال کی جائے لیکن شکایت کنندہ کا نام بتایا جائے۔

خواجہ سعد رفیق کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پہلے الیکشن چوری کا کہا گیا، پھر کہا گیا کہ وفادار نہیں ہیں، اب اب ہمیں چور قرار دے دیا گیا ہے۔ شکایت کنندہ کون لوگ ہیں جن کے نام اور پتہ کا معلوم نہیں، میرے اثاثوں کی جانچ پڑتال کی جائے،شکایت کنندہ کا نام بتایا جائے۔
وزیرِ ریلوے نے کہا کہ کس قانون کے مطابق ٹی وی پر ہمارے خلاف باتیں کی جاتی ہیں؟ سوال کریں تو جواب آ جاتا ہے۔ جب اقلیت کے فیصلے اکثریت پر مسلط کیے جائیں تو نفرت اور انتشار پھیلتا ہے۔ مصنوعی قیادت سامنے لانے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے

ان کا کہنا تھا کہ اداروں میں تناؤ نظر آ رہا ہے اس کو کارپٹ کے نیچے چھپا نہیں سکتے، اداروں کے درمیان تصادم نہیں ہونا چاہیے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قصور میں عدلیہ کے خلاف جو ہوا اس کی شدید ترین مذمت کرتے ہیں، عدلیہ کے خلاف بولنے والوں کی گرفتاری درست اقدام ہے۔