'سندھ کے عوام بھی پیپلزپارٹی سے جان چھڑانے کا فیصلہ کر چکے ہیں'

Last Updated On 06 April,2018 01:04 pm

حیدر آباد: (دنیا نیوز) عمران خان کا کہنا ہے بھٹو زندہ ہے اور سندھ کے لوگوں کا گلہ دبایا جا رہا ہے، لوگوں کی سوچ اب بدل چکی ہے، لمبی اندھیری رات 2018ء میں ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا سندھ کے عوام بھی پیپلزپارٹی سے جان چھڑانے کا فیصلہ کر چکے ہیں، زرداری اور ان کی بہن سندھ پر ظلم کر رہے ہیں، سندھ تمام صوبوں سے پیچھے ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نواز شریف نے لوگوں کو اداروں کیخلاف اکسایا، یہ وہی نواز شریف ہیں جنہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا یوسف گیلانی کیخلاف فیصلے پر سپریم کورٹ اچھی تھی، یہ خود پھنس گئے تو عدلیہ بری ہوگئی؟۔ ان کا کہنا تھا ادارے نواز شریف کو بچالیں تو یہ ان کی تعریف کریں گے، کل شہباز شریف آرمی چیف کی تعریفیں کر رہے تھے، ایک بھائی مخالف جبکہ دوسرا تعریفیں کر رہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا منی لانڈرنگ میں آصف زرداری، نواز شریف، خواجہ آصف سب شامل ہیں، منی لانڈرنگ کی وجہ سے قرض بڑھتے جا رہے ہیں، ایک ادارہ بتائیں جو حکومت نے ٹھیک کیا ہو۔ انہوں نے کہا پی آئی اے پہلے زرداری اب موجودہ حکومت نے تباہ کر دیا، اداروں کی تباہی کی وجہ سیاسی مداخلت ہے، میرٹ نہ ہونے سے تمام ادارے تباہ ہوگئے۔

چیئرمین ی ٹی آئی نے پریس کانفرنس میں مزید کہا سپریم کورٹ کا مینڈیٹ انصاف دینا ہے، پولیس سمیت تمام ادارے مفلوج کر دیئے گئے۔