'پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ کر دیا ہزاروں جوانوں نے قربانیاں دیں'

Last Updated On 29 March,2018 01:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے ملالہ یوسفزئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ملالہ عام شہری نہیں، ان کی سکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا، مشکل جنگ میں ہزاروں جوانوں نے قربانیاں دیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف مشکل جنگ لڑی، ساڑھے 6 ہزار پاک فوج کے جوان اور 25 ہزار پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا آج پاکستان میں امن ہے اور دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا گیا، آج بھی پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا جب ملالہ نے ملک چھوڑا تو ان کی عمر 13 سال تھی، آج جب واپس آئی ہیں تو سب سے مشہور شہری ہیں۔ انہوں نے کہا بہت خوشی ہے کہ ہماری بچی اپنے گھر واپس آئی، دنیا نے ملالہ یوسفزئی کو عزت دی اور پاکستان بھی دے گا۔