وزیرِ اعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات بیک فائر کرے گی، خورشید شاہ

Last Updated On 28 March,2018 06:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس ثاقب نثار کی ملاقات پر اپوزیشن رہنماؤں نے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔ خورشید شاہ کا کہنا ہے کل کی ملاقات ان حالات میں بیک فائر کرے گی جو خطرناک ہے۔ تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ بہت دیر کی مہربان آتے آتے۔

 

قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما خورشید شاہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ملاقاتیں ہوتی ہیں اور ہونی چاہییں، اداروں کے سربراہوں کو ملنا چاہیے لیکن اس کا وقت ہوتا ہے، کل کی ملاقات ان حالات میں بیک فائر کرے گی جو خطرناک ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے شاعرانہ انداز اختیار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ بہت دیر کی مہرباں آتے آتے۔

مسلم لیگ نواز کے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم وفاقی کابینہ اور پارٹی اجلاس میں چیف جسٹس سے ہونے والی ملاقات بارے آگاہ کریں گے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ جب ریاست کو اندرونی اور بیرونی طور پر خطرات ہوں اور عوام تذبذب کا شکار ہوں تو وزیرِ اعظم کو ایسا کرنا پڑتا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے پرامید ہیں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم اور چیف جسٹس کے درمیان ملاقات سے دوریاں ختم ہونگی۔