پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کی وزیرِ اعظم اور آرمی چیف سے ملاقات

Last Updated On 20 March,2018 10:11 pm

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی جس میں پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھالنے پر ایئر چیف مارشل مجاہد انور کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں پاک فضائیہ مزید ترقی حاصل کرے گی۔ ایئر چیف مارشل مجاہد انور نے اعتماد کا اظہار کرنے پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فضائی سرحدیں مزید محفوظ بنانے کیلئے پوری صلاحیت استعمال کریں گے۔

دوسری جانب پاک فضائیہ کے نئے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے جی ایچ کیو میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ مجاہد انور خان کو آرمی چیف کے ہمراہ گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ انہوں نے یادگارِ شہدا پر بھی حاضری دی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے مجاہد انور خان کو پاک فضائیہ کا نیا ایئر چیف مارشل بننے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔