اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کی نجکاری کے بجائے تنظیمِ نو کی منظوری دیدی جبکہ کھلے سگریٹ کی فروخت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سیکرٹری پاور ڈویژن نے بتایا کہ آئندہ ماہ مزید بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو جائے گی۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی انتھک کوششوں سے بجلی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا، بجلی کی ترسیل و تقسیم اور واجبات کی وصولی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔
وفاقی کابینہ نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے بجائے تنظیمِ نو کی منظوری دیدی ہے۔ ذرائع کے مطابق مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ دو تین ماہ رہ گئے ہیں، نجکاری کا معاملہ آئندہ حکومت کے لیے چھوڑ دیا جائے۔
اس کے علاوہ کابینہ نے کھلے سگریٹ کی فروحت پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دیدی ہے، اس اقدام کا مقصد بچوں میں سگریٹ نوشی کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جبکہ سینٹرل کاٹن کمیٹی کو وزارتِ ٹیکسٹائل سے وزارتِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی منتقل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔