لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ کے لئے مسلم لیگ ن کے دیگر جماعتوں سے رابطے جاری، سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اور وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان لاہور میں ملاقات میں معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی لاہور کے اولڈ ایئرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر میں جاتی امراء پہنچے۔ وزیرِ اعظم نے جاتی امراء میں سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف، وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی جس میں سینیٹ الیکشن، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نواز شریف نے سینیٹ انتخابات میں کامیابی پر شاہد خاقان عباسی کو مبارکباد دی۔ ملاقات کے بعد وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اسلام آباد روانہ ہو گئے۔ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے معاملے پر پارٹی قیادت کی ہدایت پر مشاہد اللہ خان نے ایم کیوایم بہادر آباد سے رابطہ کیا اور حمایت مانگ لی۔