لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب نے ماضی کے راز سے پردہ اٹھاتےہوئے کہا ہے کہ مشرف نے مجھے وزارت عظمیٰ کی پیش کش کی لیکن میں نے جواب دیا کہ اگر میں لیڈرشپ سے مخلص نہیں تو آپ سے کیسے ہو سکتا ہوں۔
ماڈل ٹاؤن میں لینڈ ریکارڈز اتھارٹی اور نادرا کے مابین معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بعد سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ماضی کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف نے وزارتِ عظمیٰ کی پیش کش کی تھی لیکن میرا جواب تھا کہ جمہوری نظام کے بغیر یہ ممکن نہیں ہے، اگر آپ کو کوئی گلہ ہے تو نواز شریف سے ملاقات کرواتا ہوں جس کی انہوں نے حامی بھر لی تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو مستحکم کرنے کیلئے ضروری ہے اسلام آباد اور پنڈی کے تعلقات اچھے ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے نیب کو ریکارڈز فراہم نہ کرنے سے متعلق تاثر کی نفی کی اور بتایا کہ تمام اداروں کو کہا ہے نیب کو جو چاہیے مہیا کریں۔ پارلیمنٹ ایسی قانون سازی کے جس سے ملک کی ترقی ہو۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ صوبے سے پٹوار کلچر کا جنازہ نکل گیا ہے، ڈیڑھ سو سال پُرانا بوسیدہ نظام ختم ہو چکا، اراضی ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنا ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔