پشاور:( دنیانیوز) خیبر پختونخوا میں پولیو سمیت دیگر مہلک امراض کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا ہے ۔
محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ دستاویز کے مطابق جاری ای پی آئی پروگرام کو مزید مؤثر بنانے پر کام شروع کردیا گیا، ای پی آئی پروگرام کو مزید مستحکم بنانے کیلئے 1ارب 93 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔
دستاویز میں کہا گیا کہ پولیو،خسرہ ،خناق کے مزید پھیلاؤ کو ہر صورت روکنا بھی پروگرام میں شامل ہے ، پروگرام صوبے کے 9 اضلاع اور 6 سب ڈویژن میں شروع کیا جائیگا، پروگرام میں خیبر، مہمند ،باجوڑ،اورکزئی ،کرم اور وزیرستان خصوصی طور پر شامل ہیں ۔
دستاویز کے مطابق صوبہ میں جاری پولیو مہم کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے خاتمے پر کام کیا جائیگا، صوبے میں موذی امراض پر قابو پانے کے اقدامات بھی پروگرام کا حصہ ہے۔
دستاویز میں کہا گیا کہ پینٹا تھری ویکینیشن 90 فیصد بچوں کو پلائی جائے گی، پروگرام کے تحت بچوں اور حاملہ خواتین کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے، پروگرام کے تحت مقررہ اہداف بھی حاصل کیے جائیں گے، ای پی آئی پروگرام پولیو سمیت خواتین و بچوں کوخطرناک بیماریوں سے بچانےکےلیے شروع کیا گیا تھا۔