لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار شوگر کے پیدائشی مریض بچوں کیلئے مفت انسولین کی فراہمی کے منصوبے کا اعلان کردیا۔
منصوبے کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ٹائپ ون ڈایا بیٹک بچوں کو انسولین ان کے گھر پر ہی پہنچائی جائے گی، چیف منسٹر مریم نواز انسولین پروگرام کے تحت ٹائپ ون ڈایا بیٹک بچوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا۔
ٹائپ ون ڈایا بیٹک بچوں کے لئے گھر بیٹھے چیف منسٹر مریم نوازانسولین پروگرام میں رجسٹریشن کی سہولت دی گئی ہے، پروگرام کے لئے خصوصی ہیلپ لائن 1033 بھی قائم کردی گئی، ٹائپ ون ڈایا بیٹک بچوں کی مفت انسولین کے لئے تحصیل یا ضلع میں این سی ڈی کلینک پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ ننھے بچے پھول کی مانند ہوتے ہیں، مرجھانے نہیں دیں گے، ماں ہوں بچوں کی تکلیف اور بیماری کا شدت سے احساس ہے، ٹائپ ون ڈایا بیٹک بچوں کو ہسپتال آنے جانے کی کوفت سے بچانے کے لئے گھر بیٹھے انسولین دی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹائپ ون ڈایابیٹک بچوں کو تاحیات انسولین کی ضرورت ہوتی ہے، والدین کا بوجھ بٹائیں گے، پنجاب بھر میں بچوں کی صحت اور علاج کے لئے تمام تر میسر وسائل مہیا کریں گے۔