کوئٹہ: (دنیا نیوز) محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق بلوچستان میں پولیو وائرس کا ایک اور نیا کیس رپورٹ ہو گیا۔
ذرائع محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان سے پولیو کا نیا کیس ضلع چاغی سے رپورٹ ہوا، بلوچستان سے پولیو کے ایک اور نئے کیس کی تصدیق کے بعد صوبہ میں کیسز کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی۔
واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں جاری انسداد پولیو مہم میں چار کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ملک کے 159 اضلاع میں بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔
مہم کے پہلے روز 30 فیصد بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے، پولیو ویکسین کے قطرے ایک کروڑ 33 لاکھ 89 ہزار سے زائد بچوں کو پلائے گئے، پنجاب، خیبر پختونخوا میں 30 فیصد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی۔
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان 32 فیصد، سندھ میں 31 فیصد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی، اسلام آباد 24، بلوچستان میں 27 فیصد بچوں کو پولیو ویکسین دی گئی۔
رواں سال ملک بھر میں پولیو کے 43 کیسز سامنے آئے، بلوچستان 22، سندھ، 12 خیبر پختونخوا میں 7 بچے پولیو سے متاثر ہوئے، پنجاب اور اسلام آباد میں ایک ایک بچہ پولیو سے متاثر ہوا۔