لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق انسداد پولیو مہم 3 نومبر تک جاری رہے گی جس دوران ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال ملک بھر میں 41 پولیو کیسز سامنے آئے جن میں سے 12 کیسز کا تعلق سندھ سے ہے جبکہ سندھ بھر میں ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جائیں گے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو کے مطابق انسداد پولیو مہم میں 81 ہزار پولیو ورکرز حصہ لیں گے جن کے لیے 19 ہزار سکیورٹی اہلکار نافذ ہوں گے۔
ای او سی کے مطابق کراچی کے تمام اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس مثبت آیا ہے۔
اس کے علاوہ قوت مدافعت بڑھانے کے لیے وٹامن اے سپلیمنٹس بھی فراہم کئے جائیں گے، پولیو کیسز میں خطرناک حد تک اضافے کے ردعمل میں شروع کی گئی یہ مہم رواں سال پاکستان کی تیسری ملک گیر مہم ہے۔
وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی رہنمائی میں ہم پولیو کے خلاف اپنی کوششوں میں دوبارہ متحرک ہیں، ہمارے پولیو ورکرز پاکستان کے کونے کونے تک پہنچیں گے، ویکسین فراہم کریں گے اور بچوں کے صحت مند مستقبل کو محفوظ بنائیں گے۔