4 کروڑ 50 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف، مہم 3 نومبر تک جاری رہے گی

Published On 30 October,2024 06:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد پولیو مہم میں چار کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف، ملک بھر کے 159 اضلاع میں بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔

مہم کے پہلے روز 30 فیصد بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے گئے، پولیو قطرے ایک کروڑ 33 لاکھ 89 ہزار سے زائد بچوں کو پلائے گئے، پنجاب، خیبر پختونخوا میں 30 فیصد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی۔

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان 32 فیصد، سندھ میں 31 فیصد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی، اسلام آباد 24، بلوچستان میں 27 فیصد بچوں کو پولیو ویکسین دی گئی۔

رواں سال ملک بھر میں پولیو کے 43 کیسز سامنے آئے، بلوچستان 22، سندھ، 12 خیبر پختونخوا میں 7 بچے پولیو سے متاثر ہوئے، پنجاب اور اسلام آباد میں ایک ایک بچہ پولیو سے متاثر ہوا۔

پاکستان کے 71 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، انسداد پولیو مہم 28 سے 3 نومبر تک جاری رہے گی۔