کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں کورونا کے نئے ویریئنٹ کے کیسز میں اضافے پر محکمہ صحت سندھ نے ہسپتالوں میں کورونا وارڈز بنانے کی ہدایت کر دی۔
محکمہ صحت نے سندھ کے تمام ڈی ایچ اوز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو کوویڈ 19 کے نئے ویریئنٹ سے متعلق اقدامات کی ہدایت کی ہے، کورونا سے متاثرہ مریضوں کو فوری قرنطینہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کورونا کے ممکنہ پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے مریض کے اہل خانہ کے ٹیسٹ بھی کیے جائیں، تمام ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز میں کوویڈ 19وارڈ قائم کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک سے کراچی آنے والے 2 مزید مسافروں میں کورونا کی تشخیص
محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام ہسپتالوں میں بیڈز و طبی سہولیات و وسائل کو یقینی بنایا جائے، متاثرہ علاقوں میں ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کیا جائے، کورونا کی تشخیص کو مضبوط سرویلنس سسٹم کے تحت مانیٹر کیا جائے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فیس ماسک کا استعمال کریں، شہری ممکنہ علامات والے شخص سے ملتے وقت فاصلہ رکھیں اور اچھے طریقے سے ہاتھ دھوئیں۔