کورونا کے نئے ویرینٹ کا خدشہ ، پاکستان کو فائزرکی نئی ویکسین جلد ملنے کاامکان

Published On 01 January,2024 12:23 pm

اسلام آباد : (ویب ڈیسک ) کورونا کے نئے ویرینٹ کے خدشے کے پیش نظر پاکستان کو امریکا سے فائزر کی نئی کوویڈ 19 کی ویکسین جلد ملنے کا امکان ہے۔

رپورٹس کے مطابق وفاقی حکام کاکہنا ہے کہ امریکا سے کوویڈ ویکسین کی 2 لاکھ ڈوزز کی آمد چند دنوں میں متوقع ہے، نئی فائزر کوویڈ ویکسین کی مزید 3 لاکھ ڈوزز بھی اسی مہینے مل جائیں گی۔

وفاقی حکام نے بتایا ہے کہ فائزر کی نئی ویکسین کوویڈ 19 کے نئے ویرینٹس کے خلاف بھی مؤثر ہے، یہ ویکسین حجاج کرام اور ہائی رسک لوگوں کو لگائی جائے گی۔

وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ابھی تک نئے کورونا ویرینٹ جے ایم 1 کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے، پاکستان میں ابھی کوویڈ 19 کے کیسز کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے۔

واضح رہے کہ امریکا، برطانیہ اور بھارت میں کورونا کے نئے ویرینٹ جے این 1 کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس نئے ویرینٹ سے بھارت میں اموات بھی ہوئی ہیں۔

امریکا میں کورونا کے نئے ویرینٹ سے متاثرہ افراد کی ہسپتالوں میں آمد میں اضافہ ہوا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق 41 ممالک میں کورونا کے اس ویرینٹ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، ادارے نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حفاظتی ٹیکے لگوانے، ماسک پہننے اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے جیسے اصولوں پر کاربند رہیں جبکہ کورونا سے متاثرہ شخص سے کسی بھی طرح رابطے میں آنے کے بعد اپنا ٹیسٹ بھی کروایا جائے۔