پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں سانس کی بیماریاں اور کورونا کی نئی قسم پھیلنے کے پیش نظر محکمہ صحت نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی ہیلتھ نے ڈی ایچ اوز، ہسپتالوں کے ایم ایس اور سربراہان کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے سانس کے انفیکشن اور انفلوائنزا میں اضافہ اور پھیلاؤ کے تدارک کے لئے سخت اقدامات کی ہدایت کی۔
مراسلے میں کہا گیا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے سانس کے انفیکشن میں اضافہ کے حوالے سے خدشات ظاہر کئے ہیں، کووڈ 19 کی نئی قسم جے این ون دنیا میں پھیل رہا ہے، کووڈ 19 کی نئی قسم جے این ون سے نظام تنفس کی دشواریاں پیدا ہوسکتی ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ نئے وائرس کے کم پھیلاؤ کے لئے اقدامات ا ٹھانا ضروری ہیں ، جے این ون کے نمونے پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری کو فراہم کرنے میں تعاون کیا جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا کہ ٹیسٹنگ پروٹوکول کو یقینی بناتے ہوئے کووڈ 19 کے اثرات کو کم کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کی جائیں، کووڈ 19 کی تشخیص سے آئی ایل آئی (انفلوائنزالائیک النس) سکریننگ کی جائے۔