اسلام آباد: (دنیا نیوز)وزارت قومی صحت نے پمز میں طبی فضلہ کے ضیاع میں ایس او پیز کی سنجیدہ خلاف ورزیوں کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت نے پمز ہسپتال میں طبی فضلہ کے ضیاع میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نان میڈیکل وارث علی رضا کو شو کاز نوٹس بھیج کر تین روز میں جواب طلب کرلیا۔
نوٹس میں جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نان میڈیکل کے خلاف گورنمنٹ سروس رولز کے تحت کارروائی کا عندیہ دیا گیا، وزارت صحت کے احکامات پر نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے جے ای ڈی نان میڈیکل کو شوکاز جاری کر دیا۔
وزارت صحت کی جانب سے پمز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا جس میں سپیشل سیکرٹری قومی صحت کے پمز کے دورہ کا حوالہ بھی شامل ہے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ پمز انتظامیہ طبی فضلہ کو بغیر کسی کیٹیگری کے مختلف بیگز میں رکھتی ہے، طبی فضلہ کے ضیاع میں انفیکشن کے پھیلاؤ سے متعلق خیال نہیں رکھا جاتا جبکہ طبی فضلہ کے لئے لگائے گئے 2 انسرینٹرز میں سے ایک خراب ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ فضلہ کے ضیاع کے انچارج کی جانب سے سب اچھا کی رپورٹ دی گئی اور اس رپورٹ کی بنیاد پر کمپنی کو لاکھوں روپے ادائیگی کی جاتی رہی جبکہ پلانٹ پر کام کرنے والوں کو کسی بھی وقت آنے جانے کی کھلی چھوٹ دی گئی۔
پلانٹ پر کام کرنے والوں پر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہ تھا، طبی فضلہ کو تلف کرنے کے لئے کوئی میکنزم موجود نہ تھا، بیماری پھیلانے والا خون بھی مختلف جہگوں پر پایا گیا۔