کمر میں اکثر درد ، عام وجوہات کیا ہیں ؟

Published On 08 February,2023 10:13 am

لندن : (ویب ڈیسک ) موجودہ دور میں ہر دوسرا شخص کمر میں درد کی شکایت کرتا نظر آتا ہے، ترقی یافتہ معاشروں میں کمر کے درد نے ایک وبا کی شکل اختیار کر لی ہے اور اسے صحت کے سب سے زیادہ متعلقہ مسائل میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

 کمر کا درد اگر طویل عرصے تک رہے اور علاج نہ کیا جائے تو معذوری کا سبب بھی بن سکتا ہے ، یہ دیکھا گیا ہے کہ کمر کے درد میں آرام کرنے یا پھر چند گھریلو ٹوٹکوں کی مدد سے بھی کافی افاقہ ہوجاتا ہے لیکن جب یہ تمام حربے ناکام ہوجائیں تو جان لیں کہ یہ کسی سنگین بیماری کی جانب اشارہ ہے۔

علامات 

کمر کا درد  آرام کرنے پر بھی کئی ہفتوں تک بر قرار رہے ، درد کمر سے پیروں تک پھیل جائے، کمزوری ہونے لگے یا کسی بھی ایک پیرمیں اکڑن پیدا ہواور وزن میں تیزی سے کمی ہونے لگے تو ضرور اپنے معالج سے رابطہ کریں۔

فرش پرپھسلنے یا وزن اٹھانے کی وجہ سے ہونے والا درد جو چھ ہفتوں تک رہے ایکیوٹ کہلاتا ہے جبکہ چھ مہینے سے زیادہ رہنے والا درد کرونک یعنی دائمی کہا جاتا ہے ، اگرآپ کے کام کی نوعیت ایسی ہے کہ جس میں وزن اٹھانا روز کا معمول ہے یا پھر اچانک ایسی حرکت جس سے کمر کے پٹھوں میں کھچاؤ پیدا ہو جس سے ریڑھ کی ہڈی متاثرہو۔

ریڑھ کی ہڈیوں کے درمیان ایک ڈسک ہوتی ہے جس میں نرم مادہ موجود ہوتا جو کہ دو مہروں کے درمیان کشن کا کام دیتی ہے یہ کسی بھی وجہ سے ٹوٹ سکتی ہے اگر یہ ٹوٹ جائے یا اپنی جگہ چھوڑ دے اس طرح یہ اعصاب کو متاثر کرنے کے ساتھ کمر میں شدید درد کی وجہ بنتی ہے۔

بڑھتی ہوئی عمر میں ہڈیوں کی کئی بیماریاں جنم لیتی ہیں جن میں ہڈیوں کا سُکڑنا، ریڑھ کی ہڈی کا مڑنا جبکہ اوسٹیوپروسیس بھی درد کی ایک بڑی وجہ ہے۔

کمر کا درد کسی بھی عمر میں ہوسکتا ہے لیکن کچھ عوامل ایسے ہیں جسے اس درد کی بڑی وجہ قرار دیا جاسکتا ہے ، اس میں سب سے پہلے ڈھلتی عمر، اگر آپ کی عمر تیس سال سے زیادہ ہے توآپ اس کا آسانی سے شکار ہوسکتے ہیں، جسمانی سرگرمیاں جیسے کم چلنا، ورزش نہ کرنا، وزن کا زیادہ ہونا، مختلف امراض جیسے ہڈیوں کے بھر بھرے پن کی بیماری، غلط انداز میں وزن اٹھانا، ذہنی بیماریاں جیسے ڈپریشن اور اسٹریس اور نشہ بھی قابلِ ذکر ہے۔

علاج 

کمر کے درد سے نہ صرف محفوظ رہا جاسکتا ہے بلکہ کچھ عادات اپنا کر اس سے نجات بھی حاصل کی جاسکتی ہے ، ان میں سب سے پہلی عادت ورزش کی ہے ، جیسے رسی کودنا، واک کرنا، تیراکی اس ضمن میں بہتر ثابت ہوسکتی ہیں۔

کمر میں درد کی صورت میں فزیوتھراپی درد کو دور کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اس کے لیے کسی ماہر فزیشن سے رابطہ کریں ، وزن کوبڑھنے نہ دیں ہر قسم کے نشہ سے دور رہیں، کھڑے ہونے، بیٹھنے اور وزن اٹھانے کے لیے بہتر انداز اپنائیں جو کمر کے درد کا باعث نہ بنے۔