وٹامنز سے بھرپور غذائیں جلد کیلئے کتنی ضروری ہیں ؟

Published On 23 January,2023 12:16 pm

لندن : (ویب ڈیسک ) چہرے کو خوبصورت اور تروتازہ رکھنا ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے ، لیکن ماحولیات میں آنے والی تبدیلیوں کی وجہ سے چہرے کی جلد بہت حد تک اثر انداز ہوتی ہے، جسم کے ساتھ جلد کی مناسب دیکھ بھال کرنا بھی آپ کی صحت مند رہنے کے طریقہ کار میں سے ایک ہے ۔

ہمارے جسم کے ساتھ ساتھ  جلد کو بھی وٹامنز ، منرلز کی ضرورت ہوتی ہے ، ماہرین کا کہنا ہے کہ جلد کوصحت مند رکھنے کے لیے سب سے اہم کام اسے سورج کی مضر شعاعوں سے بچانا ہے، اگرچہ سورج کی روشنی جلد کو متاثر ضرور کرتی تاہم یہ وٹامن ڈی کے حصول کا سب سستا آسان ذریعہ بھی ہے۔

وٹامن ڈی آپ کی جلد کے لیے وٹامن سی، ای اور کے کے ساتھ بہترین وٹامنز میں سے ایک ہے ، جلد کے لیے ضرروی وٹامنز قدرتی غذا کے ساتھ سپلیمینٹس کی صورت میں بھی آسانی حاصل کئے جاسکتے ہیں جبکہ یہ جلد کی دیکھ بھال کرنے والی مصنوعات میں بھی پائے جاتے ہیں ۔ یہاں ان چار ضروری وٹامنز کے بارے میں بتارہے ہیں جو آپ کی جلد کی بہترین صحت کو برقرار رکھنے میں ممدو معاوں ثابت ہوں گے۔

وٹامن ڈی

وٹامن ڈی کے حصول کا سب سے مؤثر ذریعہ سورج کی روشنی ہے یہ اس وقت بنتا ہے جب سورج کی روشنی آپ کی جلد میں جذب ہوتی ہے، ایسا ہونے پر کولیسٹرول وٹامن ڈی میں بدل جاتا ہے پھر یہ وٹامن ڈی جگر اور گردے کے ذریعے صحت مند خلیات بنانے میں مدد کے لیے پورے جسم میں منتقل ہوتے ہیں۔ اس میں جلد بھی شامل ہے، اس طرح وٹامن ڈی جلد کی رنگت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

آپ وٹامن ڈی سورج سے حاصل کرنے کے ساتھ مختلف غذاؤں، جیسے ناشتے میں سیریلز، اورنج جوس، اور دہی جبکہ کھانے میں سالمن، ٹونا اور کوڈ سے بھی لے سکتے ہیں۔

وٹامن سی

وٹامن سی ایپیڈرمس جسے جلد کی بیرونی تہہ کہا جاتا ہے کے ساتھ ساتھ ڈرمس یعنی جلد کی اندرونی تہہ میں کثیر مقدارمیں پایا جاتا ہے، یہ وٹامن اینٹی آکسیڈینٹ خصوصیات اور کولیجن کی پیداواربڑھانے کی وجہ سے جلد کو صحت مند رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے  ، یہی وجہ ہے کہ وٹامن سی بہت سے اینٹی ایجنگ یا جلد کی دیکھ بھال کرنے والی مصنوعات میں ایک بنیادی جزو کی حیثیت رکھتا ہے۔

وٹامن سی کو سپلیمنٹس یا غذا کے طور پر لینا سورج کی نقصان دہ یو وی شعاعوں سے تحفظ کے لیے آپ کی جلد پر لگائی جانے والی سن اسکرین کی تاثیر میں اضافہ کرسکتا ہے ، یہ خلیہ کے نقصان کو کم کرکے اور جسمانی زخموں کے بھرنے کے عمل میں مدد فراہم کرتا ہے۔

وٹامن سی جسم کے قدرتی کولیجن کو بڑھاکر عمر رسیدگی کے اثرات کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے، وٹامن سی کی مناسب مقدار خشک، روکھی جلد کو بہتر بناتی ہے ، وٹامن سی سے بھرپور غذاؤں میں ترش پھل جیسے لیموں، نارنگی، اسٹرابیری، بروکولی اور پالک شامل ہیں۔

وٹامن کے

وٹامن کےجسم کے خون جمنے کے عمل میں مدد فراہم کرتا ہے اس طرح جسم کے زخم اورخراشیں فوری مندمل ہوتی ہیں ، اس کی کمی سے جلد پردھبے اور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے نمودار ہوسکتے ہیں۔ وٹامن کے سے بھرپور غذاؤں میں گوبھی، پالک، لیٹش، گوبھی اور سبز پھلیاں شامل ہیں۔

وٹامنز آپ کی صحت اور جسم کے افعال کے لیے ضروری ہیں، ان وٹامنز کی کمی جلد پر منفی اثرات کا سبب بن سکتی ہے۔ چونکہ وٹامن سی اور ای آپ کی جلد کو سورج سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے دونوں میں سے کسی ایک وٹامن کی کمی جلد کو پہنچنے والے نقصان کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔ کوشش کریں ان چاروں وٹامنز کو غذا کے ذریعے حاصل کیاجائے تاہم اگر یہ ممکن نہ ہوتو اس کے سپلیمینٹس بھی لیے جاسکتے ہیں۔