فیصل آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پنجاب میں جزوی لاک ڈاؤن ہے جو فیصل آباد میں صرف نام کا رہ گیا ہے۔ شہر میں تاجروں نے شٹر ڈاؤن کر کے کاروبار جاری رکھا ہوا ہے۔
پاکستان میں ہر آنے والے دن کے ساتھ کورونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لئے حکومت پنجاب نے 25 اپریل تک جزوی لاک ڈاون کا اعلان کر رکھا ہے۔
فیصل آباد میں شہریوں کے بعد تاجروں نے بھی لاک ڈاون کی خلاف ورزی کو وطیرہ بنا لیا ہے۔ شہر کے تجارتی مرکز گھنٹہ گھر کے آٹھوں بازاروں سمیت شہر بھر میں دکانوں کے شٹر نیچے کر کے کاروبار جاری ہے۔
شہری کہتے ہیں پولیس اور انتطامیہ لاک ڈاون پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہیں۔ چھوٹی اور بڑی دکانیں شٹر نیچے کرکے کھولنے کے باعث بازاروں میں رش رہتا ہے۔ کاروباری نظام چلنے سے ایک دوسرے کے ہاتھوں اشیاء و رقوم کی منتقلی سے وائرس پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
دکاندار کہتے ہیں چوری چھپے کام کر رہے ہیں، حکومت محدود وقت کے لئے کاروبار کی اجازت دے جبکہ دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔
شہری کہتے ہیں شہر بھر میں یوں لاک ڈاون کی کھلے عام خلاف ورزی پولیس اور انتطامیہ کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں۔ حکومت یا تو لاک ڈاون ختم کردے ورنہ پھر خلاف ورزی پر سختی سے عملدرآمد کروائے۔