‘پاکستان سے متعلق فرانسیسی ٹی وی نے بھارتی میڈیا کی جعلی خبروں کو بے نقاب کردیا‘

Published On 02 October,2021 04:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ فرانسیسی ٹی وی نے پاکستان سے متعلق بھارتی میڈیا کی جعلی خبروں کو بے نقاب کردیا۔

فواد حسین نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ فرانس 24 ٹی وی چینل نے پاکستانی فضائیہ کے افغانستان کی وادی پنجشیر پر حملے سے متعلق بھارتی میڈیا کی جعلی خبروں کو بے نقاب کر دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں فرانس 24 ٹی وی کی ویڈیو رپورٹ بھی شیئر کی، جس میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ بھارت کے ہستی ٹی وی چینل نے طالبان کے پنجشیر پر قبضے کے بعد پاکستان ائیر فورس کے پنجشیر پر حملوں سے متعلق جعلی رپورٹ جاری کی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت کے ٹائمز ناؤ (Times Now Naubharat) اور زی ہندوستان ٹی وی چینلز نے بھی اسی ویڈیو کا سہارا لے کر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا۔ بھارت کے پاکستان کے خلاف جعلی پروپیگنڈے اور فیک نیوز کو اب عالمی میڈیا بھی بے نقاب کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز فرانسیسی میڈیا نے افغانستان کی صورتحال پر حقائق نامہ جاری کرکے بھارتی میڈیا کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا پول کھول دیا۔

فرانسیسی میڈیا نے واضح کردیا کہ پاکستان دشمنی میں بھارتی میڈیا صحافتی اقدارکی تباہی پر تلا ہواہے، افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد بھارتی مرکزی میڈیا نے غلط معلومات پھیلائیں۔

فرانسیسی میڈیا نے بھارتی میڈیاادارے انڈیا ٹوڈے سمیت بھارت کے دیگر میڈیا ہاؤسز کو اس کا ذمہ ٹھہرایا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت کا افغان صوبے پنجشیر سے متعلق پاکستان کے خلاف بھونڈا پروپیگنڈا بے نقاب ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی میڈیا نے پاکستان سے متعلق غلط معلومات پھیلائیں، فرانسیسی میڈیا کی بھی تصدیق

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چودھری سمیت مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور ترجمان دفتر خارجہ عاصم اظہر افتخار متعدد بار صدا بلند کر چکے ہیں کہ بھارت پاکستان کیخلاف جعلی خبریں پھیلا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے پنجشیر سے متعلق خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ایسے تمام الزامات اور پروپگنڈے کو مسترد کرتا ہے۔ بھارتی میڈیا کی جعلی خبریں،بد نیتی پر مبنی ہیں، ایسی خبریں پاکستان کو بدنام کرنے اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین اور نائب وزیر اطلاعات افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے جعلی قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے انکشاف کیا تھا کہ پنج شیر میں پاکستان کی کارروائی سے متعلق رپورٹ غلط ہے، ویڈیو گیم کی فوٹیج کو پاکستانی ڈرون قرار دینے کی کوشش کی گئی۔

پنج شیر میں پاکستان کے ملوث ہونے سے متعلق الزامات غلط، ویڈیو گیم کی ویڈیو کو پاکستانی ڈرون قرار دے کر غلط بیانی کی گئی، امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق افغان صوبے میں جنگ تھمنے کے بعد امریکی صحافیوں نے پنج شیر کا دورہ کرنے کے بعد لکھی گئی رپورٹ میں کہا کہ پنج شیر میں لڑائی ختم ہوچکی ہے، طالبان وادی پنج شیر میں کافی عرصہ سے فعال تھے، پنج شیر کے بعض شہریوں نے بھی طالبان کے قبضے میں مدد دی۔

رپورٹ کے مطابق علاقے کی اکثر آبادی لڑائی سے قبل ہی علاقہ چھوڑ گئی تھی، پنج شیر کے مرکز بازارک میں شدید جنگ کے آثار انتہائی کم ہیں،بعض عمارتوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے ہیں مگر بلڈنگ کے سٹرکچر کو نقصان نہیں پہنچا۔