اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جعلی خبریں پھیلانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے لیکن بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہیں۔
ایوان صدر میں جشن آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں احساس ہے کتنی قربانیوں سے یہ ملک حاصل کیا گیا، پاکستان کو مختلف آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے، پاکستان کا جوہری طاقت بننا بڑی کامیابی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پر مختلف بہانوں سے جنگیں مسلط کی گئیں، خطے اور برصغیر میں اسلحے کی دوڑ جاری ہے، پاکستان کو اس دوڑ میں پھنسایا گیا ۔ بھارت کو کہا گیا آوَغربت کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں، بھارت نے ہماری امن کی پیش کش کو کمزوری سمجھا، ہر بار بھارت نے جارحانہ رویہ اختیار کیا، پائلٹ واپس کرنے کو پاکستان کی کمزوری سمجھا گیا، بھارت پاکستان پر 3 جنگیں مسلط کرچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جعلی خبریں پھیلانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ جھوٹی خبر چاہے اندر سے نکلے یا باہر سے آئے، یہ غیبت ہے اور ہمیں اس پر احتیاط کرنی چاہیے۔ بھارت کو پھر مذاکرات کی پیش کش کرتے ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو اندھیرے میں دھکیل دیا ہے، اس نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا بازار گرم کر رکھا ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کیا، افغانستان کےحالات خراب ہونے پر پاکستان نے دہشت گردی کا سامنا کیا، افغانستان کے بعد جنگ سے زیادہ نقصان پاکستان کو اٹھانا پڑا، ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ جانوں کا نقصان برداشت کیا لیکن کامیابی حاصل کی، پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی کو شکست دی، مہاجرین کو کشتیوں میں ڈوبنے دیا جاتا ہے لیکن ان کو پناہ نہیں دی جاتی ، پاکستان نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کو اخلاقی طور پر پناہ دی، اس وقت افغانستان میں جاری صورت حال پر ہیجانی کیفیت ہے لیکن امن ضرور آئے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ کورونا کی ہر لہر میں پاکستان نے بہترین کردار ادا کیا، قوم نے ثابت کیا مشکل وقت کا مقابلہ کرسکتے ہیں، ہم نے کورونا میں مساجد کھلی رکھیں اور وبا کا مقابلہ کیا، عوام کورونا کی چوتھی لہر میں بھی ایس او پیز کا خیال رکھیں۔
ملک کی معاشی ترقی کے حوالے سے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمارا ماضی حال اور مستقبل ہمارے سمت کا تعین کرتا ہے، پاکستان کا مستقبل انوکھا اور روشن ہے، پاکستان زرعی کے ساتھ آئی ٹی ملک بن رہا ہے، کورونا وبا میں بھی ہماری معیشت ترقی پر گامزن رہی، پاکستان کی برآمدات 31 ارب ڈالرتک پہنچ چکی ہیں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے، پاکستان زرعی ملک کے ساتھ صنعتی ملک بنتا جارہا ہے، پاکستان ڈیجیٹل بن رہا ہے اور ہمیں مزید آگے بڑھنا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ریاست مدینہ ایک خواب ہے اور ہم چاہتے ہیں پاکستان اس طرف پیش قدمی کرتا رہے، معاشی اور معاشرتی انصاف کے بغیر مدینہ کی ریاست نہیں بن سکتی،پاکستان اسلامی فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہے، یکساں تعلیمی نصاب برابری کی طرف پہلا قدم ہے،حکومت نے مشکل وقت میں غریب عوام کے لئے احساس پروگرام متعارف کرایا۔ غربت کے خاتمے کے لیے صحت اور تعلیم کے لیے اقدامات اہم ہیں۔