جعلی خبروں کے ذریعے افغان امن عمل کو نقصان پہنچانے کا انکشاف

Published On 11 August,2021 10:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انٹرنیٹ کا جائزہ لینے والے ادارے جی فائیو نے پاکستان اور امریکا کے خلاف بھارتی اور افغان حکومت کے مشترکہ پروپیگنڈا مہم کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے جس کا مقصد افغان امن عمل کو سبوتاژ کرنا تھا۔

جی فائیو نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت اور افغانستان کی سرکاری مشینری اور ذرائع، جعلی اور من گھڑت خبروں کے ذریعے افغان امن عمل کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

جی فائیو کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران اس پروپیگنڈا مہم کی شدت میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آیا جب امریکہ نے انخلاء کی تاریخ کا اعلان کیا اور طالبان نے فوجی فتوحات حاصل کرنا شروع کیں۔

اس پروپیگنڈا مہم کے دوران بھارت اور افغانستان نے مشترکہ بیانیہ استعمال کیا جس کا ہدف پاک فوج، قومیت کاتعصب ابھارنا، فیٹف کے بارے میں جعلی خبریں پھیلانا اور پاکستان کو افغانستان کے حالیہ بحران کا ذمہ دار ٹھہرانا تھا۔

اس مہم کے دوران دونوں ممالک سے امریکی حکومت پر افغان حکومت سے لاتعلقی اختیار کرنے اور طالبان کو سیاسی سطح پر قانونی حیثیت دلوانے کے الزامات لگائے ہیں۔