اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان میں افغان حکومت کی سرپرستی میں امن عمل کے ذریعے امن و استحکام سے متعلق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ سوشل میڈیا میں وزیر خارجہ کے بیان کو توڑ مروڑ کر غلط طور پر پیش کیا گیا۔
ترجمان نے داعش اور طالبان سے متعلق میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے افغانستان میں امن و استحکام سے متعلق وزیر خارجہ کے بیان کو غلط پیش کرنے پر افسوس کا اظہار کیا اورکہا کہ وزیر خارجہ کے ریمارکس کو کسی بھی صورت افغان تنازعہ میں کسی مخصوص فریق کی وکالت کے طور پرنہیں لینا چاہیئے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ در حقیقت، وزیر خارجہ نے دہشت گردی کی لعنت کیخلاف عالمی برادری،علاقائی کھلاڑیوں اور خود افغانوں کے مابین اتفاق رائے پیدا کرنے کے حوالے سے بات کی۔
ترجمان نے کہا کہ ہم بار بار وا ضح کر چکے ہیں کہ پاکستان کا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں۔ہم تنازعے کے تمام فریقین کو افغان سمجھتے ہیں،جنہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان افغان امن عمل میں تعمیری سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا۔