ناران میں لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیو پھیلائی جانے لگی

Published On 30 July,2021 10:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان، بھارت ، چین اور بنگلا دیش سمیت دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں حالیہ عرصے کے دوران شدید مون سون بارشیں جاری ہیں جس کے باعث متعدد افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ اسی دوران انہیں ممالک میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سوشل میڈیا کی ویب سائٹ سائٹس پر جعلی خبریں شیئر کی جا رہی ہیں۔ انہیں خبروں میں سے ایک خبر وائرل ہو رہی ہے جس میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیو پاکستان کی ہے، یہاں بتاتے چلیں کہ یہ ویڈیو پاکستان نہیں بلکہ بھارت کی ہے۔

سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر ایک ویڈیو 25 جولائی کو اپ لوڈ کی گئی اور اس کے کیپشن میں لکھا گیا کہ یہ ویڈیو خیبرپختونخوا کے علاقے ناران کی ہے، ناران پاکستان کا خوبصورت سیاحتی مقام ہے اور اس ویڈیو کو تقریباً اڑھائی لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس ویڈیو کو فیس بک پر سینکڑوں مرتبہ شیئر کیا جا چکا ہے، تاہم حقیقت جاننے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ یہ ویڈیو بھارتی ریاست ہماچل پردیش کی ہے اور یہ لینڈ سلائیڈنگ کی ویڈیو 25 جولائی کی ہے۔ اس کی ویڈیو بھارتی میڈیا پر بھی نشر ہوئی ہے۔

اس لینڈ سلائیڈنگ کے دوران 9 افراد چل بسے تھے جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون ڈاکٹر بھی شامل تھی۔ نیچے اصل ویڈیو دکھائی گئی ہے۔