لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مشال خان نے کہا ہے کہ انڈسٹری میں جگہ بنانے کے لئے اقربا پروری کا ہونا ضروری ہے۔
معروف اداکارہ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی اور میزبان کی جانب سے پوچھے جانے والے دلچسپ سوالات کے جواب دیئے۔
مشال نے پروگرام کے دوران ’ ڈرامہ میں مرکزی کردار حاصل کرنے کے لئے کس چیز کا ہونا ضروری ہے؟‘ کے سوال پر آپشنز سنے بغیر ہی اقربا پروری کو لازمی جزو قرار دے دیا۔
بعدازاں میزبان کی جانب سے آپشنز ملنے پر انہوں نے مرکزی کردار کے لئے انڈسٹری میں بہتر تعلقات کا ہونا ضروری قرار دیا۔
خیال رہے کہ مشال خان ڈرامہ سیریل دلہن، سنو چندا، قصہ مہربانوں کا، پری زاد سمیت کئی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔