تیسری مرتبہ شادی کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: صنم ماروی

Last Updated On 09 May,2020 07:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی گلوکارہ صنم ماروی نے اپنی تیسری شادی سے متعلق چلنے والی خبروں کی تردید کردی۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ان کی زندگی میں دیگر بھی مسائل ہیں، تاہم تیسری مرتبہ شادی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اگر ایسا کچھ ہو گا تو سب سے پہلے اپنے مداحوں کو آگاہ کریں گی۔

لوک گلوکارہ نے اپنے سابقہ شوہر سے درخواست کی کہ وہ ان پر رحم کریں اور انہیں جینے دیں۔

واضح رہے کہ صنم ماروی نے اپنے شوہر حامد علی سے خلع لینے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ اپنی درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ ان کے شوہر بچوں کے سامنے انہیں گالیاں دیتا اور مارتا پیٹتا ہے۔

گلوکارہ نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے 2009 میں حامد علی سے شادی کی تھی جبکہ وہ اپنے بچوں کی خاطر شوہر کا ظلم برداشت کرتی رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ گھرانوں کی تباہی کا بڑا سبب ہے، 11 سال سے شوہر کا تشدد برداشت کر رہی تھی لیکن اب اس کے ساتھ مزید رہنا نہیں چاہتی۔

صنم ماروی کی درخواست پر لاہور کی فیملی کورٹ نے انہیں خلع کی ڈگری جاری کر دی تھی۔

واضح رہے کہ گلوکارہ کی حامد علی کے ساتھ دوسری شادی تھی جن سے ان کے تین بچے بھی ہیں جب کہ ان کی پہلی شادی آفتاب احمد سے ہوئی تھی جنہیں 2009 میں کراچی میں قتل کر دیا گیا تھا۔