سرفراز احمد کی تضحیک کرنے پر اداکار عدنان صدیقی پر تنقیدی نشتر چل گئے

Last Updated On 07 May,2020 04:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار عدنان صدیقی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ بیٹسمین سرفراز احمد کی تضحیک کرکے سوشل میڈیا صارفین کے غصے کو ہوا دے دی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مختلف رمضان اور گیم شوز کا ٹرینڈ چل پڑتا ہے اور شوز میں کئی بار کچھ ایسی حرکتیں ہوجاتی ہیں جو عوام کو سخت ناگوار گزرتی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل عامر لیاقت حسین نے اپنے شو میں بھارتی اداکارہ سری دیوی اور عرفان خان کی موت کو لے کر عدنان صدیقی کے سامنے مذاق کیا تھا جو عدنان صدیقی سے بالکل بھی برداشت نہیں ہوا تھااور انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں عامر لیاقت کے شو میں جانے پر بے حد افسوس اور پچھتاوا ہے۔ بعد ازاں عامر لیاقت حسین نے مذاق پر معافی بھی مانگ لی تھی۔

تاہم اب عدنان صدیقی کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے جس میں وہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں سابق کپتان سرفراز احمد کی تضحیک کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرفراز احمد شو کے دوران کچھ بول رہے ہیں اور شاید بولنے میں کچھ تکلیف ہے لیکن عدنان صدیقی درمیان سے ہی ان کی بات کاٹ کر ان کی نقل اتارنے لگتے ہیں۔ عدنان کی اس حرکت پر شو میں موجود دیگر افراد ہنسنے لگتے ہیں۔

تاہم سوشل میڈیا صارفین کو عدنان صدیقی کی یہ حرکت بالکل پسند نہیں آئی اور انہوں نے عدنان صدیقی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا یہ وہی عدنان صدیقی ہیں جنہوں نے عامر لیاقت کے بے ہودہ مذاق کی مذمت کی تھی؟

مانی نامی صارف نے عدنان صدیقی کی اس حرکت کو مکروح اور شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کسی کے ساتھ اس طرح مذاق کرنا جائز ہے؟ کچھ احترام دکھائیں۔ خدا کے لیے یہ وہ کپتان ہیں جنہوں نے آپ کے لیے ٹرافی جیتی تھی جبکہ دیگر صارفین نے اس موقع پر شدید تنقید کی۔