خواتین کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کیخلاف امیتابھ بھی بول اٹھے

Last Updated On 12 October,2018 12:28 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے سدا بہار اداکار امیتابھ بچن بھی بھارتی فلم انڈسٹری میں خواتین کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کے خلاف بول اٹھے، ان کا کہنا تھا کہ اگر بالی وڈ میں خواتین کو عزت نہ دی جا سکی تو یہ کبھی نہ مٹنے والا داغ ہو گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن نے کہا کہ کسی بھی خاتون کو بالخصوص کام کی جگہ پر کسی قسم کی بدتمیزی اور غلط رویے کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے، ایسے واقعات فوری طور پر انتظامیہ کے نوٹس میں آنے چاہئیں اور اس پر ضروری اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں خواہ متعلقہ انتظامیہ سے کہا جائے یا پھر قانون کا سہارا لیا جائے۔

امیتابھ بچن نے کہا کہ شہری، سماجی، معاشرتی اقدار اور تہذیب کو ابتدائی کورس میں پڑھانے کی ضرورت ہے، خواتین معاشرے کے کمزور رکن ہونے کی وجہ سے اس کی زد پر ہیں، انہیں خصوصی تحفظ درکار ہے لیکن ہمارے ملک میں کام کرنے والی خواتین کے ساتھ یہ سلوک دیکھ کر میرا دل افسردہ ہے، اگر ہم خواتین کو ان کے مطابق وقار اور عزت نہ دے سکیں تو یہ ہمارے لیے ایک ایسا داغ ہوگا جو کبھی نہیں مٹ سکے گا۔

واضح رہے کہ تنوشری دتہ کی جانب سے نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد سے بالی وڈ انڈسٹری میں ’می ٹو‘ مہم نے زور پکڑ لیا ہے اور روز بروز نئے واقعات سننے میں آرہے ہیں۔