میری تو فلاپ فلم بھی سو کروڑ کماتی ہے، سلمان خان

Last Updated On 27 September,2018 05:18 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے دبنگ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم لو یاتری 160 کروڑ ضرورکمائے گی، میری تو فلاپ فلمیں بھی سو کروڑ کا بزنس دیتی ہیں۔

سلمان خان کی ہوم پروڈکشن میں بننے والی فلم لویاتری ابتدا ہی سے اپنے نام کے باعث مشکلات میں گھری ہوئی تھی،اس فلم کے حوالے سے انہوں نے اپنے اوپر لگنے والے اقربا پروری کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنےجیجو اور فلم کے ہیرو آیوش شرما کو فلموں میں متعارف نہ کراتا تو کوئی اور کرا دیتا کیونکہ وہ کئی سال سے بالی ووڈ میں آنے کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آیوش کا ایک سیاسی پس منظر ہے، وہ کسی کے ذریعے بھی فلموں میں آسکتے تھے، مگر فلم ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں اقربا پروری اثر انداز نہیں ہوتی، یہ ناظرین ہیں جو آپ کو سپر اسٹار بناتے ہیں یا آپ کومسترد کرتے ہیں چاہے آپ کسی کے بھی بیٹے یا بہنوئی ہوں ۔ انہوں نے کہا میں بھی ان خوش قسمت لوگوں میں شامل ہوں کہ میری ناکام ہونے والی فلمیں بھی سو کروڑ کماتی ہیں، میں نے آیوش اور ورینہ کو کہ دیا کہ اگر آپ کی فلم فلاپ بھی ہوتی ہے تو اسے باکس آفس پر 160 کروڑ روپے کا بزنس کرنا چاہئے۔

یاد رہے چند روز قبل بھارتی ریاست بہار کی مقامی عدالت نے اس فلم کے نام کی وجہ سے ہندوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے پر سلمان خان، فلم کے ہیرو آیوش شرما سمیت سات افراد پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ انتہا پسند ہندوں کے مسلسل دبا پر بالآخر سلمان خان نے ہار مان لی اور فلم کانام لوراتری سے تبدیل کرکے لو یاتری کر دیا۔سلمان خان نے فلم کے نام کی تبدیلی کی اطلاع ٹوئٹر پر دیتے ہوئے لکھا کہ یہ سپیلنگ کی غلطی نہیں ہے۔ یاد رہے کہ لفظ لوراتری ہندوں کے مذہبی تہوارنوراتری سے لیاگیا تھا۔ فلم 5 اکتوبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔