اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے جعلی شناختی کارڈ اجرا کیخلاف آپریشن کے دوران 4 رکنی گینگ گرفتار کر لیا۔
جعلی شناختی کارڈ اجرا میں گرفتار ہونے والے ملزموں میں نادرا کے سابق افسران بھی شامل ہیں، گرفتار ملزمان کی شناخت محمد طاہر، عدنان عمار، محمد عامر خان اور محمد طیب کے نام سے ہوئی۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان نادرا میگا سینٹر اسلام آباد میں بطور ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سینئر ایگزیکٹو تعینات رہے، ملزمان نے دوران تعیناتی سال 2019ء اور 2020ء میں غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے۔
ملزمان غیر قانونی طریقے سے احساس پروگرام کے نام پر مزدور طبقے کا بائیو میٹرک لے کر فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کرتے تھے، ملزمان مختلف ایجنٹوں کی ملی بھگت سے شہریوں کو رقوم کا لالچ دے کر اپنے جال میں پھنساتے تھے۔
گرفتار ملزمان مزدور طبقے کو چند روپوں کا لالچ دے کر فیملی ٹری اور نشے کے عادی لوگوں کو افغان شہریوں کا والد ظاہر کرتے تھے، دوران تعیناتی گرفتار ملزمان نے متعدد شناختی کارڈز بھاری رقم وصول کر کے جاری کئے۔